رمضان سے قبل ہی سرکاری آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملتان میں شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دے دیا ہےجبکہ حکومتِ پنجاب کے فراہم کردہ مفت آٹا پوائنٹس پر بدنظمی اور دھکم پیل کے باعث متعدد خواتین زخمی ہوگئیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملتان میں سرکاری آٹے کی قیمت میں اضافے کے خلاف شہریوں نےمشتعل ہوکر مدنی چوک کو بلاک کردیا ہے۔
10 کلو آٹے کے تھیلے میں 502 روپے تک کا اضافہ
ذرائع نے بتایا کہ ملتان میں اس وقت دس کلوآٹے کا تھیلہ 648 سے بڑھا کر 1150 روپے کا ہوگیا ہے جس پر ملتان کے شہریوں نےغم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے وہاڑی روڈ کو دونوں اطراف کو بلاک کردیا ہے جبکہ میٹرو روٹ کو بھی پتھر پھینک کر بند کردیا گیا ہے۔
ملتان میں مظاہرین کی جانب سےحکومت کےخلاف شدید نعرے بازی جاری ہےاور حکومت سے آٹے کی قیمت میں فوری کمی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔
آٹا پوائنٹ پر دھکم پیل کے دوران پولیس اہلکار ویڈیو بناتے رہے، ذرائع
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملتان میں واقع اسپورٹس گراونڈ میں حکومت کا رمضان سے قبل مفت آٹا پوائنٹ پر دھکم پیل کے دوران متعدد خواتین زخمی ہوگئیں ہیں۔جبکہ خواتین کو کنٹرول کرنے کی بجائے موقع پر موجود پولیس اہلکار ویڈیو بناتے رہے۔
واضح رہے کہ ملتان میں رمضان المبارک سے قبل حکومتِ پنجاب کی جانب سے مستحق افراد کو مفت آٹا فراہم کیا جارہا ہے۔
فیصل آباد میں مفت آٹا لینے کے لئے مرد و خواتین کی لمبی قطاریں
فیصل آباد میں مفت آٹے کے حصول کے لئےشہریوں کی بڑی تعداد آٹا پوائنٹس پر پہنچ گئی جہاں بدنظمی کے باعث شہریوں کوآٹے کے حصول کے لئے مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے خواتین کے بیٹھنے اور پانی پینے کے انتظامات نہیں کئے گئے ہیں
شہریوں کا کہنا ہےکہ حکومت کی طرف سے پہلے اہلیت کا میسیج آتا ہے جس کے بعد مفت آٹا پوائنٹس پر پہنچنے کے بعد کہا جاتا ہے کہ آپ مفت آٹا لینے کے اہل نہیں ہیں۔
بنا چپ والے شناختی کارڈ پر آٹا نہ ملنے سےشہری مزید خوار، ذرائع
ذرائع نے مزید بتایا کہ آٹے کے حصول کے لئے بزرگ خواتین و حضرات بھی لائنوں میں لگنے پر مجبور ہوگئے ہیں جبکہ بغیر چپ والے شناختی کارڈ پر آٹا نہ ملنے سے بھی شہریوں کو علیحدہ خواری کا سامنا ہے۔
