Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آرمی چیف کیخلاف مہم ناقابل برداشت اور اداروں کیخلاف سازش کا تسلسل ہے، وزیراعظم

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آرمی چیف کے خلاف مہم ناقابل برداشت اور اداروں کے خلاف سازش کا تسلسل ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ زہریلی سیاست کو بیرون ملک پاکستانیوں کے ذریعے پھیلا رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان اداروں اور ان کے سربراہوں کو اپنی گندی سیاست میں گھسیٹ کر آئین شکنی کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی اس سازش کا حصہ نہ بنیں، بیرون ملک محب وطن پاکستانی فارن فنڈڈ مہم کے خلاف آواز بلند کریں۔

انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار اور پی ٹی آئی وکیل خواجہ طارق رحیم کی آڈیو لیک میں بیٹی مریم نواز کے بارے میں گھٹیا گفتگو انتہائی قابل مذمت ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ خواتین کے بارے میں اس لب و لہجے اور گھٹیا سوچ کی معاشرے بالخصوص خواتین کو پر زور مذمت کرنی چاہیے، اجتماعی مذمت ہی معاشرے میں یہ منفی سوچ روک سکتی ہے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کا ردعمل

دوسری جانب فواد چوہدری نے وزیر اعظم شہباز شریف کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ اس بیان کا مقصد صرف عوام اور فوج کے درمیان فاصلے پیدا کرنا ہے تاکہ عوام اور فوج متحارب ہوں اور پی ڈی ایم اس آڑ میں لوٹ مار جاری رکھ سکیں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف موجودہ آرمی چیف کیلئے نیک خواہشات رکھتی ہے، ہم چاہتے ہیں چیف الیکشن کروانے میں الیکشن کمیشن کی مدد کریں اور پاکستان کا ماحول بہتر ہو۔

بعدازاں شہباز گل نے وزیر اعظم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا اپنی افواج اور افواج کے چیف جنرل عاصم کے ساتھ باہمی احترام کا رشتہ ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ شہباز شریف، ان کے دفتر میں چلنے والے اسٹریٹجک میڈیا سیل کا واحد مقصد ملک میں تناؤ اور اختلاف کا ماحول بنانا ہے تا کہ اس ماحول میں یہ اپنی کرپشن کے مقدمات پوری طرح ختم کروا کر لوٹ جاتی رکھیں۔

وزیر اعظم کے بیان سے متعلق اسد عمر نے کہا کہ آپ صرف چاہتے ہیں کہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی اور فوج کے درمیان خلیج بڑھے اور آپ کی سیاست چمکے، چاہے اس سے ملک کمزور ہو۔

متعلقہ خبریں