Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

رمضان المبارک میں گیس اور بجلی کی عدم دستیابی ناقابل برداشت ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں گیس اور بجلی کی عدم دستیابی ناقابل برداشت ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہو جس میں حکومت بلوچستان نے غربت کی لکیر سے نیچے خاندانوں کو رمضان میں ایک ماہ کا راشن مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔

اجلاس میں گیس کے دباؤ میں کمی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ اجلاس میں بارشوں کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔

شرکاء کی جانب سے اجلاس میں رمضان سستا بازاروں کے انعقاد زخیرہ اندوزی او ر منافع خوری کے خلاف کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی جبکہ اجلاس میں رمضان المبارک میں سیکیورٹی اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

چیف سیکریٹری نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستحق خاندانوں کی تفصیل کل تک حاصل کر لی جائے گی ۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ تمام اضلاع میں مستحق خاندانوں کا ڈیٹا مرتب کرکے فوری طور پر راشن کی فراہمی کا آغاز کیا جائے، سیلاب متاثرہ علاقوں میں متاثرین کو ترجیحی بنیادوں پر آٹا اور راشن فراہم کیا جائے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے گیس پریشر میں کمی اور بجلی کی اضافی لوڈ شیڈنگ پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ کیسکو اور ایس ایس جی سی صورتحال کی بہتری کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کوئٹہ سمیت ہر ضلع میں رمضان سستا بازار لگا کر عوام کو ریلیف دیا جائے، یوٹیلیٹی سٹورز اور تاجروں کا تعاون حاصل کیا جائے، روز مرہ کی اشیاء ضرورت کی قیمتوں میں استحکام لایا جائے اور زخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے۔

میر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اقدامات کو مذید موثر بنایا جائے، پرائس کنٹرول سیکیورٹی صورتحال اور سستا بازاروں کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ وزیراعلیٰ آفس کو بھجوائی جائے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا مزید کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں گیس اور بجلی کی عدم دستیابی ناقابل برداشت ہے، وفاقی حکومت سے احتجاج ریکارڈ کرائیں گے جبکہ عوام کو کنٹرول نرخ پر آٹے کی فراہمی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو چیف سیکریٹری عبدالعزیز عقیلی ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری ،سیکریٹری پی ایچ ای سیکریٹری انڈسٹریز کی اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈی آئی جیز سی ای او کیسکو اور جی ایم ایس ایس جی سی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version