سابق وزیر خارجہ و تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نگران حکومت پی ڈی ایم کی ایکسٹنشن ہے۔
تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ لیت و لعل سے کام لے رہی ہے، نگران حکومت پی ڈی ایم کی ایکسٹنشن ہے، جلسہ گاہ کی طرف جانے والے راستے کینٹینرز لگا کر بند کر دیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز سے کہا گیا کہ گاڑیاں لے کر لاہور نہیں جانا، عدالت کی اجازت کے بعد جلسے کے انتظامات کئے، کل سے پورے پنجاب میں چھاپے اور گرفتاریاں کی جا رہی ہیں، بے گناہ کارکنوں کو گھر سے اٹھایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو 16 ایم پی او میں بک کرنے کا ارادہ ہے جو غیر قانونی و غیر آئینی ہے، ڈپٹی کمشنرز کو استعمال کر کے کارکنوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، کارکنوں نے نقص امن نہیں پیدا کیا، وہ گھروں میں بیٹھے افطاری کر رہے تھے۔
شاہ محمود نے کہا کہ اس قسم کی فسطائیت پہلے نہیں دیکھی، عمران خان چٹان کی طرح ڈٹے ہیں، کارکن قانون ہاتھ میں نہ لیں اور نقص امن پیدا کریں، کارکن جس طرح سے ہو سکے مینار پاکستان پہنچیں، عمران خان نے جلسے میں اہم بات کرنا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ قانون و آئین شکنی کے خلاف پی ٹی آئی سپریم کورٹ جا چکے ہیں، قانون کے دائرے میں رہ کر لڑائی لڑنی ہے۔
یہ بھی پڑھیں؛ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف تحریک انصاف نے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا
