پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ کی دھمکی پی ٹی آئی کو ڈرا نہیں سکتی۔
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ شہباز شریف کو طلب کرے، پوچھا جائے الیکشن کرانے ہیں یا نامزدگی پر چلنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نامزدگیوں پر چل رہی ہے۔ 10 سال کے بچوں کو اٹھایا گیا، 10سال کے بچے کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت اور الیکشن کمیشن نے عدالتی حکم ردی کی ٹوکری میں پھینکا۔ عدالت نے بھی کہا عمران خان کی سیکیورٹی واپس کیوں لی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وزیر داخلہ قتل کی دھمکیاں دے رہا ہے، رانا ثناء اللہ کی دھمکیاں پی ٹی آئی کو ڈرا نہیں سکتی۔
سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ چیف جسٹس کی کوشش ہے اچھے ماحول میں انتخابات ہوں، پوری پاکستان کی نظریں سپریم کورٹ پر ہیں، کمزور فیصلے ہوئے تو ملک سری لنکایا ایران بن جائے گا۔
پی ٹی آئی امن وامان کیلئے مکمل یقین دہانی کرائے گی
دوسری جانب اسد عمر نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں، کارکنوں کو اغوا کیا جارہا ہے، گرفتار کر کے مقدمہ بھی درج نہیں کیا جارہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدالت نے تمام جماعتوں سے کمٹمنٹ مانگی ہے، پی ٹی آئی امن وامان کیلئے مکمل یقین دہانی کرائے گی۔
سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کرینگے
اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی بالادستی کیلئے مکمل تعاون کریں گے، سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کرینگے۔
تحریک انصاف کے وائس چیئرمین نے کہا کہ عوام چاہتے ہیں سیاسی قیادت آئین کا احترام کرے، عوام کی نظریں اس کیس پر ہی۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ تعین ہونا ہے ملک نے کس سمت جانا ہے، جمہوریت کو ڈی ریل کیا جارہا ہے۔
