وزیراعظم شہباز شریف سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی کی ملاقات ہوئی ہے۔
ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر دفتر خارجہ کے تعاون پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ویزا کے حصول اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ملاقات کروانے میں دفتر خارجہ کے تعاون پر شکر گزار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ویزا کے حصول میں میری مدد کر کے آپ نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کی بنیاد رکھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کم و بیش 15 سال قبل بہن کی گرفتاری کے بعد یہ میری پہلی ملاقات تھی اور حالیہ دورے کے دوران میری بہن سے تین دن لگاتار ملاقاتیں ہوئیں۔
ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے عافیہ صدیقی کی جلد رہائی کے لیے اپنے طے کردہ اقدامات سے وزیراعظم شہباز شریف کو آگاہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی جلد رہائی کی کوششوں کے لیے وزارتی کمیٹی تشکیل دے دی اور یقین دہانی کروائی کہ حکومت ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو بہن کے لیے انصاف کے حصول میں مکمل تعاون کرے گی۔
شہباز شریف نے دفتر خارجہ کو امریکی حکومت اور پاکستانی سفارت خانے سے مسلسل رابطے میں رہنے اور دفتر خارجہ کو ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے آئندہ دورہ امریکہ کے لیے بھی مکمل تعاون کی ہدایت دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی خیریت اور رہائی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔
واضح رہے کہ تین ماہ میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی وزیراعظم شہباز شریف سے یہ دوسری ملاقات ہے اور اس ملاقات سے قبل ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو ملنے کے لیے امریکہ روانگی سے قبل وزیراعظم شہبازشریف سے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی ملاقات ہوئی تھی۔
