سیکرٹری اطلاعات استحکام پاکستان پارٹی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی کی رجسٹریشن آخری مراحل پر ہے۔
تفصیلات کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی کی رجسٹریشن آخری مراحل میں ہے، ہماری پارٹی کا منشور پاکستانی سیاست کی صحت کی بحالی کا نسخہ ثابت ہو گا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آئی پی پی کے حوالے سے میڈیا پر بہت بحث ہو رہی ہے، تقاضے پورے کر کے آئندہ ہفتے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کروائے گی، آئندہ ہفتے پارٹی کا منشور بھی سامنے لے آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سب سے اہم چیلنج اس وقت معاشی و سیاسی عدم استحکام ہے، ہر پارٹی نے اپنے منشور میں دلفریب نعرے درج کر رکھے ہیں، آئی پی پی صرف سہانے خواب نہیں دکھائے گی، تعبیر بھی دے گی، ملک کے نوجوانوں کو ہم نے بوجھ نہیں بننے دینا۔
انہوں نے کہا کہ سابق دور میں نوجوانوں کا استحصال کیا گیا، ان کے ذہنوں کو آلودہ کیا گیا، نوجوانوں کے ذہنوں میں نفرت انگیز بارود بھرا گیا، ہم نوجوانوں کو قومی سلامتی کے تحفظ کا درس دیں گے۔
