وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس پر پی ٹی آئی کا ردعمل سامنے آیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس پر ترجمان پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس ان کے ذہنی مریض ہونے کا ثبوت ہے، کرپٹ اور جھوٹے ثابت ہونے کے بعد یہ گروہ بینائی اور عقل سے بھی محروم ہوگیا ہے۔
ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ چئیرمین پی ٹی آئی 25 کروڑ پاکستانیوں کے دلوں میں دھڑک رہے ہیں لیکن لٹیروں کی کنیز کو نظر نہیں آرہے ہیں، خیبر سے کراچی تک پورا چیئرمین کے بیانیے سے گونج رہا ہے لیکن کٹھ پتلی راج کی ترجمان روزانہ کانوں میں انگلیاں ڈالے بہرے پن کی اداکاری کرتی ہیں، چئیرمین پی ٹی آئی کی دن بدن بڑھتی مقبولیت نے 13 جماعتی گروہ کو حواس باختہ کر دیا ہے۔
ترجمان پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ شریف خاندان اور اس کے حواریوں کو کسی کی ذاتی انا کی تسکین کیلئے نہیں بلکہ کرپشن کیسز میں سزا دی گئی تھی، شریف مافیا کی کرپشن کی داستانیں دنیا بھر میں مشہور ہیں،50 روپے کے اسٹام پر فرار ہونے والا مجرموں کے گروہ کا بزدل لیڈر آج اپنے بھائی کی حکومت میں بھی واپس آنے سے خوفزدہ ہے، شریفوں کی خاندانی غلام اپنی نوکری پکی کرنے کیلئے آئے روز جھوٹ اور لغویات کا پلندہ لیے سامنے آجاتی ہیں جبکہ ملک کے سب سے مقبول لیڈر کو فارن ایجنٹ کہنے والے بتائیں ان کا بھگوڑا اشتہاری اور مفرور قائد لندن سے کب واپس آرہا ہے۔
