آئی ایم ایف کی جانب سے 3 ارب ڈالر کی منظوری پر وزیراعظم شہباز شریف نے تشکر کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کا 3 ارب ڈالر قرض پروگرام منظور کرلیا ہے جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کی تعریف کی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے 3 ارب ڈالر کی منظوری معاشی استحکام کی جانب اہم قدم ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پروگرام کی منظوری سے پاکستان کو فوری نوعیت کے اور وسط مدتی اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس سے آنے والی حکومت کو آگے بڑھنے کے لیے فسکل اسپیس میسر آئے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ تمام رکاوٹوں اور ناممکن ڈیڈ لائن کے باوجود ٹیم کی کوششوں کے نتیجے میں یہ سنگ میل عبور کیا، میں ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹلینا جورجیوا اور ان کی ٹیم کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔
