محکمہ موسمیات نے کراچی میں 20 جولائی کے بعد بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ آج شہر کا موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جبکہ 20 جولائی کے بعد شہر میں مون سون بارشوں کا ایک اور سسٹم رخ کرے گا، اس سے پہلے شہر میں بارش کا امکان نہیں ہے، اس دوران درجہ حرارت 34 تا 36 کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
ادارے نے کہا کہ ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی، صبح و رات میں سمندری بادلوں کے سبب بونداباندی کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ آج کم سے کم درجہ حرارت 29.5 ڈگری سیںٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے، 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شہر میں سمندری ہوائیں چل رہی ہیں۔
