صدر کراچی چیمبر طارق یوسف نے کہا ہے کہ گیس بندش کی وجہ سے پیداواری سرگرمیاں 30 فیصد کم ہوگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صدر کراچی چیمبر طارق یوسف نے سوئی سدرن گیس کے غیر منصفانہ طرزعمل کا نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا ہے اور کے سی سی آئی کا صنعتوں کو ہفتے میں دو دن گیس بندش پر شیدید مایوسی کا اظہار بھی کیا ہے۔
صدر کراچی چیمبر طارق یوسف نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر مملکت برائے توانائی مصدق ملک سے ایس ایس جی سی کے اس غیر منصفانہ طرزعمل کا نوٹس لینے کی اپیل بھی کی ہے۔
صدر کراچی چیمبر طارق یوسف نے کہا کہ کراچی کی صنعتوں کو ہفتے میں دو دن گیس کی سپلائی کی مکمل معطلی پر شدید مایوسی ہے، سوئی گیس کے اس روئیے سے صنعتوں کو شدید نقصان ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہفتے میں دو دن گیس کی مکمل بندش کی وجہ سے پیداواری سرگرمیاں 30 فیصد کم ہوگئی ہیں، حکومت کو گیس کی عدم دستیابی سے کراچی کے صنعتکاروں کو درپیش مشکلات کا فوری اذالہ کرنا چاہیئے، بصورت دیگر یہ تشویشناک صورتحال جاری رہی تو ملک معاشی بحران سے نہیں نکل سکے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو ہر قیمت پر صنعتوں کو گیس کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنا کر اپنی ساکھ کو بچانا چاہیئے، گیس فراہمی کی ابتر صورتحال نہ صرف تاجر برادری کے لیے مشکلات میں اضافہ کر رہی ہے بلکہ کاروبار کرنے میں آسانی کو یقینی بنانے کی حکومت کی کوششوں کو بھی نقصان پہنچا رہی ہے۔
