Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کی طاقت ایٹمی بم نہیں بلکہ نوجوان ہیں، احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی طاقت ایٹمی بم نہیں بلکہ نوجوان ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کو ایجادات کے ذریعے روشن کریں، دنیا میں ترقی کی رفتار روز بروز بڑھتی جارہی ہے، ڈیجیٹل کے بعد اب دنیا الیکٹران کی سپیڈ سے بڑھ رہی ہے، پاکستان کے ہیومین ریسورس کا بڑا ذخیرہ ہے، پاکستان کی طاقت ایٹمی بم نہیں بلکہ نوجوان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب حکومت سنبھالی تو کہا جارہا تھا کہ پاکستان چند ماہ مشکل سے گزارے گا، ملک کی معیشت کو جان بوجھ کر تباہ کیا گیا، آج تک کسی سیاسی جماعت نے ریاست کو تباہ کرنے کا نہیں سوچا تھا لیکن ایک سیاسی جماعت اپنے فائدے کیلئے ملک کیخلاف پروپیگنڈہ کررہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بھی کئی سال جیلیں کاٹیں لیکن کبھی ملک کیخلاف بات نہیں کی، پیپلز پارٹی نے جنرل ضیاء کے دور میں جیلیں کاٹیں کوڑے کھائے لیکن ملک کیخلاف ایک لفظ نہیں بولا، پیپلز پارٹی نے بین الاقوامی اداروں کو یہ نہیں کہا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے دیں لیکن ایک واحد جماعت پی ٹی آئی ہے جو بیرون ممالک سے کہتی ہے پاکستان کی امداد نہ کریں اور اسے ڈیفالٹ ہونے دیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایک سیاسی جماعت ملک کو تباہ کرنے کے لیے سیاست کر رہی ہے، مقبوضہ کشمیر کے حالات سے بھی برا بنا کر پاکستان کو پیش کر رہی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ سویڈن میں جو واقعہ ہوا اس پہ ہم سب رنجیدہ ہیں، اسرائیل کے ہالو کاسٹ کے بارے میں کوئی بات کرنے کی ہمت نہیں کر سکتا، ہم پونے دو ارب مسلمان ہیں مگر جس کا دل چاہتا ہے وہ توہین کرنا شروع کر دیتا ہے، ہم اپنے ملک میں اپنی سڑکوں پر اپنی ہی بسوں کو جلا کر بڑھاس نکال لیتے ہیں، ہم زیادہ سے زیادہ قراردادیں پاس کر لیتے ہیں، آج دنیا کی تقسیم جی7، جی 20 اور جی 77 کی بنیاد پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں مقام بنانا ہے تو اقتصادی طور پر مضبوط ہونا ہوگا، اگر ہم نے سبق سیکھا اور سیاسی استحکام قائم رکھا تو 2035 تک پاکستان ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بن سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تقدیر اللہ تعالیٰ نے انسانوں کے ہاتھوں میں دے دی ہے، ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کے بجائے غربت اور بیماری کو نیچا دیکھائیں اور سوشل میڈیا پر ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے کے بجائے اپنی توانائیاں بہتری پر لگائیں۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے مزید کہا کہ ہم نے ایک ایسے پروگرام کی بنیاد رکھی ہے کہ لوگوں کو سیاست سے نہیں ان کے ائیڈیاز سے پرکھا جائے گا، لیپ ٹاپ دیتے ہوئے کبھی یہ نہیں دیکھا کہ پی ٹی ائی کا کون ہے یا نون لیگ کا کون ہے، لیپ ٹاپ سکیم صرف میرٹ کی بنیاد پر ہے، امید ہے اگلی جو حکومتیں ائیں گی اس پروگرام کو اسی طرح جاری رکھیں گی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version