وزیراعظم شہباز شریف کے قوم سے خطاب پر پاکستان تحریک انصاف کا ردعمل سامنےآگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کٹھ پتلی وزیراعظم کا خطاب جھوٹ، فریب کا مجموعہ ، بدترین نااہلی اور مجرمانہ کارکردگی پر پردہ پوشی کی مایوس کن کوشش ہے، تقریر نویسوں کی لفاظی سے جادو جگانے اور بے مغز گفتگو سے قوم کو شیشے میں اتارنے کی کوششیں پہلے کامیاب ہوئیں نہ اب ہوں گی
انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کی پوری سیاست روزِ روشن کیطرح قوم کے سامنے ہے، زرداری کا پیٹ پھاڑ کر قوم کی لوٹی گئی دولت واپس لانے والا شہبازشریف آئی ایم ایف کی دہلیز پر سجدہ ریز شہباز شریف سے بالکل مختلف نہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ فرق محض اتنا ہے کہ اپریل 2022 میں قوم کے سر پر مسلّط ہونے والا شہبازشریف ”ڈگی“ جیسی آزمائش سے کامیابی سے گزر کر آیا تھا، اپریل 2022 میں مسلّط کئے جانے والا شہبازشریف ایک ہاتھ میں ”چیری بلاسم“ کی ڈبیا تھام کر دوسرے سے سیلیوٹ مارتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 15 ماہ کے اقتدار کے بعد قوم کلیتاً جان چکی ہے کہ شہباز شریف شعبدہ بازی، مکروفریب اور غلامی و چاکری کا جیتا جاگتا استعارہ ہے، شہباز شریف نے 15 ماہ میں 6% کی شرح سے ترقی کرتی معیشت کو 0.3% پر پہنچایا
ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ سازش اور شرارت سے قوم پر مسلّط کی گئی سرکار نے ساڑھے تین سال کے امن کو آگ لگا کر ملک کو دہشتگردی اور بدامنی کے سپرد کیا جبکہ اشتہاروں سے خوشحالی و ترقی کے مینار تعمیر کرنے والے شہباز شریف نے ایک سال میں ساڑھے آٹھ لاکھ پاکستانیوں کو ملک چھوڑنے پر مجبور کیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پندرہ ماہ میں کٹھ پتلی راج نے ملک میں آئین پامال، قانون رسواء اور نیب سمیت قومی اداروں کو تباہ کیا، وزارتِ عظمیٰ پر بیٹھ کر تاریخ کے اس نایاب مسخرے نے آزادئ اظہار کا گلا گھونٹ کر ملک پر بنیادی حقوق سے محرومی کی سیاہ رات مسلط کی۔
ان کا کہنا تھا کہ تاریخ کی پہلی مخلوط امپورٹڈ حکومت نے اقدار کو تباہ، انسانی شرف کو مجروح اور شہریوں کی عزت و وقار کو بےدردی سے پامال کیا جبکہ شہبازشریف کی سرکردگی میں مجرموں کی حکومت نے ملک کو بےسمت اور عالمی تنہائی کا شکار کیا۔
ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کشکول کو حکومتی امتیاز کی علامت بنانے والے ان عیاش طبع بھکاریوں پر آئی ایم ایف سمیت کوئی بھروسہ کرنے کو تیار نہیں ہوا، پاکستان کو آئی ایم ایف سے ڈیل تحریک انصاف کی تائید و حمایت کے بعد ہی میسر ہوسکی
ترجمان پاکستان تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے اور قوم کے کھوئے ہوئے مقام کی بحالی کا پہلا زینہ ان مجرموں سے نجات ہے، کٹھ پتلی راج کی مزید سرپرستی سے توبہ کرکے مستقبل قوم کے سپرد کرنے کا وقت آن پہنچا ہے، سنگین غلطیوں پر اصرار کی بجائے ان سے گریز کیا جائے اور سیاست اور ریاست دونوں کو عوام کی منشاء کے تابع کیا جائے۔
