معروف قانون دان اور رہنما پیپلز پارٹی اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ ہمارے ہاں صحیح طرح سے صنعتی انقلاب نہیں آسکا۔
تفصیلات کے مطابق معروف قانون دان اور رہنما پیپلز پارٹی اعتزاز احسن نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بدقسمتی ہے ہم سب ذمہ دار ہیں، ہمارے ملک میں صابن اور تیل کے اشتہارات آتے ہیں، ہمارے ہاں صحیح طرح سے صنعتی انقلاب نہیں آسکا، ہم پرزوں کو پیج لگا کر گاڑی بنا دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس کوئی ایسی جنس نہیں ہے جسے بیچ سکتے ہیں، چاہیے تو یہ تھا یہاں سے چیزیں ایکسپورٹ ہوتیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انگریز حکومت کے مقاصد یہ تھے کہ خام مال برصغیر سے انگلستان لے جاؤ، کپاس سے کپڑا بنائیں اور پھر وہی کپڑا برصغیر لا کر مہنگی قیمتوں پہ بیچی جائیں، نوکریاں اور پیسے انگلستان میں نکلیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آج سیلاب آتا ہے پنجاب کے چیف منسٹر رو رہے ہوتے ہیں یہ نہیں سوچتے کہ 40 سال سے ہم حکمران ہیں ہم نے کیا کیا؟ ہم آج بھی 75 سال والی سوچ میں ہیں، دکاندار کو جا کر کہتے ہیں فارن کا مال دکھاؤ، ہمارے جوان عرب ممالک میں جا کر پوچے لگائیں اور ہمیں پیسے بھیجیں، ہم آج بھی انسانوں کی صورت میں خام مال باہر بھیج رہے ہیں۔
