Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

موجودہ حکومت اگست میں ختم ہو جائے گی جس کے بعد نگران حکومت آئے گی، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اگست میں ختم ہو جائے گی جس کے بعد نگران حکومت آئے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف)  کی مینجنگ ڈائیریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ٹیلیفونک رابطے ہوا جس میں انہوں نے حال ہی میں طے پانے والے 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی معاہدے کو عملی جامہ پہنانے میں تعاون اور مدد پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر کرسٹالینا جارجیوا نے کہا کہ وزیراعظم نے ایک بہت ہی قابل اعتماد کیس بنایا حالانکہ آئی ایم ایف بورڈ ماضی میں اعتماد کی کمی کی وجہ سے معاہدے کی شرائط کو پورا کرنے کے پاکستان کے عزم پر شکوک و شبہات کا شکارتھا تاہم وزیراعظم کے ساتھ اپنی مسلسل مصروفیات کی روشنی میں انہوں نے بورڈ کو یقین دلایا کہ پاکستان اپنے وعدوں کو پورا کرے گا۔

عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف)  کی مینجنگ ڈائیریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے اس بات پر زور دیا کہ اب دونوں فریقین کے درمیان مضبوط شراکت داری اور باہمی اعتماد ہے۔ پاکستان کو آئی ایم ایف کا اہم رکن قراردیتے ہوئے انہوں نے پاکستان کی مدد جاری رکھنے کا یقین دلایا۔

ٹیلیفونک رابطے کے دوران وزیراعظم نے ایم ڈی کی قیادت اورپیشہ ورانہ مہارت کو سراہا جبکہ شہباز شریف نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ایم ڈی آئی ایم ایف غریبوں کے لیے محسوس کرتی ہیں اور ان کی حمایت کو انمول قرار دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بالآخر دونوں شراکت داروں کی محنت رنگ لائی اور اسٹینڈ بائی معاہدہ طے پایا، حکومت آئی ایم کے معاہدے پر پوری طرح عملدرآمد کرے گی، مجھے یقین ہے کہ آئندہ ماہ بننے والی نگران حکومت بھی معاہدے پر قائم رہے گی۔

شہباز شریف نے یقین دلایا کہ وہ اس معاہدے کی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کریں گے۔یہ حکومت اگست تک ہے جس کے بعد ایک عبوری حکومت سنبھالے گی اور انہیں یقین ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے رہیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر پاکستان کی عوام ہمیں دوبارہ منتخب کرتی ہے تو ترقیاتی شراکت داروں اور آئی ایم ایف کے ساتھ مل کر ملک کی معیشت کو ازسر نو ترقی دینے کیلئے محنت کریں گے۔

پاکستان کے بہترین کوالٹی کے آموں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی آموں کا تحفہ منیجنگ ڈائریکٹر کو احترام اور گہری تعریف کے طور پر بھیجنا اعزاز کی بات ہوگی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version