خیبرپختونخوا بدستور دہشتگردی اور تشدد کے واقعات میں سرفہرست ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں گزشتہ 3 ماہ کے دوران دہشتگردی اور تشدد کے 69 فیصد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
سینٹر فار ریسرچ اینڈ سکیورٹی سٹڈیز نے اپریل، مئی اور جون کی رپورٹ جاری کردی ہے اور جاری کردہ رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں تین ماہ کے دوران دہشتگردی کے واقعات میں 195 افراد مارے گئے، رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں ملک بھر میں دہشتگردی کارروائیوں میں 284 افراد جاں بحق ہوئے۔
سی آر ایس ایس کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں 14 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ سندھ میں 80 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سکیورٹی فورسز پر ہونے والے 75 حملوں میں 103 سکیورٹی فورسز اور پولیس کے اہلکار جاں بحق ہوئے۔
سی آر ایس ایس کی رپورٹ کے مطابق دہشتگردوں کی 46 حملوں میں 62 عام شہری بھی مارے گئے جبکہ 99 افراد زخمی بھی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں پہلی سہ ماہی کی نسبت دوسری سہ ماہی میں پرتشدد کارروائیوں میں 21 فیصد کمی ہوئی ہے۔
