آئندہ عام انتخابات میں استعمال ہونے والے ای ایم ایس سسٹم میں تکنیکی خرابیاں سامنے آگئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ڈیٹا انٹری آپریٹرز کی ای ایم ایس کے حوالے سے آج ہونے والی ٹریننگ ملتوی کردی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ای ایم ایس ٹریننگ کو سافٹ ویئر میں چند تکنیکی خرابیوں کی شاخت اور انتخابی فہرستوں میں دی گئی توسیع کا جواز بنا کر ملتوی کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: عام انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن میں بڑی تبدیلی
ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کے ڈیٹا انٹری آپریٹرز کی ٹریننگ 17 تا 20 جولائی تک شیڈول تھی، 17 سے 20 جولائی کو صوبائی الیکشن کمیشن، ریجنل اور ضلعی الیکشن کمشنرز کے 300 ڈی ای اوز کو ٹریننگ دی جانی تھی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2023 میں انتخابی نشانات الاٹ کرنے کے لیے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا تھا کہ سیاسی جماعتیں مختص شدہ انتخابی نشان کے لیے درخواستیں جمع کروائیں، درخواستیں پارٹی سربراہ کے دستخط کے ساتھ 19 جولائی تک دی جا سکتی ہیں۔
