Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عمران سیاست کے نام پر ایک دھبہ ہے، ایمل ولی خان

ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ عمران سیاست کے نام پر ایک دھبہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر اے این پی پختونخوا ایمل ولی خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم روز اول سے کہہ رہے تھے کہ پی ٹی آئی کی طرح سائفر بھی ایک ڈرامہ ہے، پی ٹی آئی کی طرح سائفر کا سازشی ڈرامہ بھی انجام کو پہنچ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق پرنسپل سیکرٹری کے انکشافات نے عمرانی سازش کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے، آج ثابت ہوا کہ عدم اعتماد سے فرار کیلئے نام نہاد بیرونی سازش کا سہارا لیا گیا تھا

ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ بیرونی سازش کا نعرہ لگا کر عمران نے کرسی کیلئے ملکی سالمیت کو داؤپر لگایا تھا، اقتدار کی ہوس میں عوام کے جذبات سے کھیلا گیا اور جھوٹی خبریں پھیلائی گئیں

صوبائی صدر اے این پی کا یہ بھی کہنا تھا کہ جلسوں میں خالی کاغذ کو سائفر کا نام دیکر لہرایا اور عوام کے بیچ نفرت کو فروغ دیا، کرسی کی خاطر غداری اور رجیم چینج آپریشن کے حوالے دیکر کارکنان کو بڑکھایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک مراسلے کو سازش کا نام دیکر ملک کو خانہ جنگی میں دھکیلنے کی کوشش کی گئی لیکن آج ہمارے مؤقف کی تائید ہوئی ہے کہ عمران سیاست کے نام پر ایک دھبہ ہے۔

ایمل ولی خان نے یہ بھی کہا کہ آج یہ بھی ثابت ہوا کہ عمران نہ صرف ایک سرٹیفائیڈ چور بلکہ جھوٹا بھی ہے، قومی سلامتی کمیٹی پہلے ہی عمرانی سازش کی تصدیق کرچکی ہے اور اس سازش میں عمران سمیت سابق حکومت کی تمام کابینہ شامل ہے۔

صوبائی صدر اے این پی ایمل ولی خان نے مزید کہا کہ ریاستی ادارے تحقیقات کریں اور تمام کرداروں کو بے نقاب کیا جائے جبکہ مہروں کے ساتھ ڈرامے کے ہدایتکاروں اور سہولتکاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version