ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ قوم صاف، شفاف اور قابلِ اعتبار انتخابات کی محتاج ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو نگراں وزیراعظم بنائے جانے کی خبروں پر تحریک انصاف نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسحاق ڈار کی بطور نگراں وزیراعظم نامزدگی پر لگتا ہے جوتیوں میں دال بٹنے لگی۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق مل جل کر 15 ماہ تک ملک کو لوٹنے والے باہم دست وگریباں ہیں اقتدار کے بھوکوں کا یہ ریوڑ اندرونی طور پر تقسیم درتقسیم کا شکار ہے، جاتی امرا کا بھگوڑا اپنے مستقبل پر چھائی تاریکیاں دیکھ کر مایوس ہوتا جا رہا ہے۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ اقتدار پر قابض اپنی مدت چاکری میں توسیع کا خواہشمند ہے دونوں کی اولادیں اپنے خوابوں کے ذریعے ڈار کو آگے لانے میں مصروف ہے، زرداری سندھ ہاتھ سے پھسلنے کے پیش نظر جاتی امرا سے ناطہ توڑنا چاہتا ہے جبکہ فضل الرحمان کسی کے بھی پہلو میں دبک کر تحفظ چاہتا ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ بھتہ خور اور بابا ایزی لوڈ اپنی اپنی دوڑ میں لگے ہوئے ہیں، مجرموں کے سرکس کی نہیں قوم شفاف انتخابات کی محتاج ہے، لامحدود خواہشات میں الجھنے کی بجائے ریاست آزادی مانگتی ہے۔
