پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے باجوڑ میں جے یو آئی ورکرز کنونشن میں ہونے والے خود کش بم دھماکے میں جاں بحق افراد کیلئے تعزیت کی۔
بلاول بھٹو زرداری نے مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا عطاء الرحمان، مولانا اسعد محمود اور زاہد اکرم درانی سے بھی دہشت گردی کے واقعے میں معصوم جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی باجوڑ کی تحصیل خار میں جے یو آئی ورکرز کنونشن میں دھماکے پر افسوس کا اظہار کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ باجوڑ میں جاں بحق ہونے والوں کے بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی اور لواحقین کے صبر جمیل کے لئے دعا بھی کی۔
ملاقات میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ باجوڑ سانحے میں شہید ہونے والے جے یو آئی کارکنان، طلباء اور شہریوں کے لواحقین کے دکھ کو محسوس کرسکتا ہوں، پیپلزپارٹی جمعیت علمائے اسلام کے کارکنان اور ہمدردوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ سانحہ باجوڑ ملک میں امن و امان کی صورت حال کو خراب کرنے کی ایک ناکام کوشش ہے۔
