وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ نئے مالی سال کے پہلے مہینے میں ٹیکس کا ہدف حاصل کرنا خوش آئند ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا فیڈرل بورڈ آف ریونیو ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔
اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ نئے مالی سال کے پہلے مہینے میں ٹیکس حکام کی کارکردگی قابل تعریف ہے، نئے مالی سال کے پہلے مہینے میں ٹیکس کا ہدف حاصل کرنا خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے حکام میں لیڈرشپ صلاحتیں موجود ہیں، گزشتہ مالی سال ٹیکس ہدف حاصل نہ ہونے کی وجوہات ہمیں معلوم ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر 14 ارب ڈالر کے لگ بھگ پہنچ گئے ہیں، آج ایوان نے نیشنل ساورن ویلتھ فنڈ کا تاریخی بل منظور کیا ہے، قومی اثاثوں کے فنڈ میں ابتدائی طور پر 7 اثاثے شامل کیے ہیں، قومی اثاثوں کے فنڈ میں وزارت خزانہ کے 3 اثاثے شامل ہیں اور تیل و گیس کے بھی 3 اثاثے شامل کیے ہیں جبکہ فنڈ میں توانائی کا ایک اثاثہ شامل کیا ہے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ ابتدائی طور پر اس فنڈ میں 2300 ارب روپے اثاثے شامل ہیں، قومی اثاثوں کے فنڈ پہلے انڈونیشیا اور مصر بھی قائم کرچکے ہیں، قومی اثاثوں کا فنڈ حکومت کی براہ راست ساورن گارنٹی ہوتا ہے، سرمایہ کاروں کو ان اثاثوں سے فنڈ پر 100 فیصد اعتماد ہوتا ہے، پاکستان کے سرکاری اثاثوں کی مالیت اربوں ڈالر ہے۔
