صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں پر مبنی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ایرانی وزیر برائے ثقافتی ورثہ، سیاحت اور دستکاری سید عزت اللہ زرغامی کی اپنے وفد کے ارکان کے ہمراہ ایوان صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات ہوئی۔
پاکستان اور ایران نے دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مزید قریب لانے کے لیے ثقافتی روابط اور عوامی رابطوں کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا جبکہ ملاقات میں دونوں فریقوں نے سیاحت کے شعبے میں تعاون کو اس کی پوری صلاحیت کے مطابق بڑھانے کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ملاقات میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں پر مبنی ہیں۔
صدر مملکت نے ایران میں مقدس مقامات کی زیارت کے لیے جانے والے پاکستانی زائرین کی سہولت کے لیے ایرانی حکومت کے اقدامات کو سراہا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اچھے تعلقات ہیں اور اسلامو فوبیا، جموں و کشمیر اور فلسطین کے مسائل پر ایک جیسے خیالات رکھتے ہیں۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے پر ایرانی قیادت اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کے تعلقات میں پیش رفت سے نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کو فائدہ پہنچے گا۔
ملاقات میں ایرانی وزیر سید عزت اللہ زرغامی نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے عوامی تبادلے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا جبکہ انہوں نے باجوڑ میں حالیہ دہشت گردانہ حملے پر ایران کی عوام اور حکومت کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری موغادم بھی موجود تھے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
