پی ٹی آئی کے وائس چیئر مین شاہ محمود قریشی نے چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری پر خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے وائس چیئر مین شاہ محمود قریشی نے جاری کردہ ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ تحریک انصاف کے کارکنان اور قوم میں پائے جانے والے اضطراب سے بخوبی آگاہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کے عدالتی فیصلے کو عوام نے انصاف کے تقاضوں کے برعکس جانا ہے، دستور کے آرٹیکل 10 اے کے تحت انہیں فیئر ٹرائل کا بنیادی حق میسر نہیں ہوا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم سب نے مل کر چیئرمین تحریک انصاف کی آزادی کی جدوجہد جاری رکھنی ہے، ہمیں قانونی جنگ بھی لڑنی ہے اور سیاسی جدوجہد بھی جاری رکھنی ہے۔
پی ٹی آئی کے وائس چیئر مین نے کہا کہ ہم نے پرامن انداز میں آگے بڑھنا ہے، چیئرمین تحریک انصاف کی واضح ہدایات اور گائیڈ لائنز کی روشنی میں آگے بڑھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے سینئر قائدین سے مشاورت ہوئی ہے، آج کور کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے، کور کمیٹی کے اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دیں گے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قوم میں اضطراب، غم و غصہ اور ردعمل کی کیفیت فطری ہے، کارکنان اور عوام احتجاج ریکارڈ کروانا چاہتے ہیں، آئین انہیں اس کا پورا حق دیتا ہے۔
پی ٹی آئی کے وائس چیئر مین نے کہا کہ کارکنان اور عوام کو میسر آئینی حق سلب نہیں کیا جاسکتا، ہم نے قانون کو ہاتھ میں لینا ہے نہ ہی املاک کو کسی قسم کا نقصان پہنچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی کی اپنی جدوجہد کو آگے بڑھانا ہے، وکلاء سے مشاورت اور کورکمیٹی کے فیصلوں کی کی روشنی میں آگے بڑھیں گے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
