Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ممنوعہ فنڈنگ کیس؛ پی ٹی آئی کو مزید جواب جمع کرانے کے حق پر فیصلہ محفوظ

الیکشن کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ ضبطگی کیس سے متعلق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مزید جواب جمع کرانے کے حق پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت پانچ رکنی کمیشن نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ ضبطگی کیس کی سماعت کی۔

پی ٹی آئی کے معاون وکیل نوید انجم الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور ضمنی جواب الیکشن کمیشن میں جمع کرایا۔

معاون وکیل نوید انجم نے کہا کہ 9 مئی کے بعد پی ٹی آئی کا ریکارڈ غائب کردیا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے وکیل سے سوال کیا کہ کتنے ضمنی جوابات جمع کرائیں گے؟ اس پر وکیل نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے باعث ہم مجبور ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کیا ہم پھر آپ کا جواب جمع کرانے کا حق ختم کردیں؟ گزشتہ سماعت پر جواب جمع کرانے کیلئے حتمی وقت دیا گیا تھا، اس کیس میں پہلے متعدد مرتبہ جواب کیلئے موقع دے چکے ہیں۔

نوید انجم نے کہا کہ انور منصور شدید بیمار ہیں، اس لیے پیش نہیں ہوسکے، حالات کے باعث جواب جمع کرانے میں تاخیر ہورہی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ آخری موقعے کا مطلب آخری موقع ہی ہوتا ہے، الیکشن کمیشن گزشتہ سماعت کے آرڈر پر کیا کرے؟ عام انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن تمام کیسز کو جلد از جلد نمٹانا چاہتا ہے، آپ کا جواب جمع کرانے کیلئے بھی آٹھ سالہ پروگرام لگ رہا ہے۔

پی ٹی آئی کے معاون وکیل نے کہا کہ ہمارے دفاتر پر دھاوے بولے گئے، سارا ریکارڈ اٹھا کر لے گئے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ انور منصور نے آج سے قبل اپنے تمام وعدے پورے کیے۔ اس کیس میں مزید کارروائی اسلام آباد ہائیکورٹ کی روشنی میں کریں گے۔

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کا مزید جواب جمع کرانے کے حق پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت سے قبل محفوط فیصلے پر آرڈر جاری کریں گے۔

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ ضبطگی کیس کی سماعت 22 اگست تک ملتوی کردی۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں

Exit mobile version