مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر میں پانی، سیوریج، سڑکوں اور صفائی ستھرائی کے جو مسائل ہیں انہیں ترجیحی بنیاد پر حل کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سے سٹی کونسل میں جمعیت علماء اسلام کے یوسی ممبران کی ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات کے دوران جمعیت علماء اسلام کے یوسی ممبران نے میئر کراچی سے اپنے اپنے مسائل بیان کئے۔
ملاقات میں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے جمعیت علمائے اسلام کے یوسی ممبران کی نیک خواہشات کو سراہا اور انہیں مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تمام علاقوں کے مسائل کو حل کریں گے اور بلدیاتی سہولیات کی فراہمی میں کوئی امتیاز نہیں برتا جائے گا۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نےمزید کہا کہ سٹی کونسل میں جتنی سیاسی جماعتیں ہیں سب ہمارے لئے محترم ہیں، شہر میں پانی، سیوریج، سڑکوں اور صفائی ستھرائی کے جو مسائل ہیں انہیں ترجیحی بنیاد پر حل کریں گے۔
اس موقعے پر جمعیت علمائے اسلام کے پارلیمانی لیڈر مفتی اسد نے میئر کراچی کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
مفتی اسد پارلیمانی لیڈر نےکہا کہ ہم میئر کراچی کے ساتھ ہیں اور ا ن کے ہاتھ مضبوط کریں گے، سٹی کونسل میں جو قانون سازی کی جائے گی ہم اس کا ساتھ دیں گے۔
