Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایف آئی اے کرپشن کی روک تھام میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے،وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے کہا ہے کہ ایف آئی اے کرپشن کی روک تھام میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور ایف آئی اے کے نئے انٹی گریٹڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح کیا۔

ایف آئی حکام نے وزیر داخلہ کو نئے انٹی گریٹڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ تمام امیگریشن چیک پوسٹوں پر آئی بی ایم ایس سے استفادہ حاصل کیا جا سکے گا، سسٹم کی بدولت چیک پوسٹس اور ائیرپورٹس پر پاسپورٹ اور پاکستانی ویزہ کی تصدیق ممکن ہوگی، نئے سسٹم سے دستاویزات اور افراد کی فوری شناخت ہو سکے گی۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ آپٹیکل کریکٹر ریکگنیشن کے ذریعے دستاویز پڑھنے کا نظام بہتر ہوا، ایف آر ایس کے ذریعے پاسپورٹ اور ویزا کے ساتھ ساتھ فرد کی تصدیق بھی ہو سکے گی، رئیل ٹائم ڈیٹا بیس کے ذریعے ڈیٹا کی تصدیق ممکن ہوگی، یہ سسٹم نادرا، ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ اینڈ امیگریشن، ایف بی آر، پولیس سمیت دیگر اداروں سے مکمل طور پر انٹیگریٹڈ ہے، اس سسٹم کے ذریعے بد عنوانی اور اختیارات کے غلط استعمال کا سدباب کیا جا سکے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے کہا کہ آئی بی ایم ایس کا اجرا ایف آئی اے کی استعداد کار بڑھانے کی جانب ایک اور قدم ہے، ایف آئی اے کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق بنانے کیلئے منصوبوں کا آغاز  انتہائی خوش آئند ہے، بدلتی ٹیکنالوجی کے دور میں  اس سسٹم کا افتتاح  ملکی سالمیت، سکیورٹی اورتحفظ کا باعث بنے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے ایف آئی اے میں ای آفس کے استعمال کا بھی افتتاح کیا۔

رانا ثناءاللہ خان نے کہا کہ ای آفس کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے، ای آفس سے شفافیت اور کارکردگی میں بہتری آئے گی اور اس سے قومی وسائل کی بچت بھی ممکن ہوگی۔

ڈی جی ایف آئی اے کی جانب سے ای آفس کو چھ ماہ میں مکمل طور پر نافذ العمل بنانے کی یقین دہانی کروائی۔

وفاقی  وزیر داخلہ نے ایف آئی اے ٹریننگ اکیڈمی کا دورہ بھی کیا اور زیر تربیت افسران سے خطاب بھی کیا۔

رانا ثناءاللہ خان نے کہا کہ ایف آئی اے نے سب سے اہم ادارے کے طور پر شناخت بنائی ، ایف آئی اے پر اہم ذمہ داریاں ہیں، ادارے کا پروفیشنل ہونا لازم و ملزوم ہے ، ایف آئی اے صرف تحقیقاتی ادارہ نہیں بلکہ کرپشن کی روک تھام میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے، ایف آئی اے نے بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کو روکنے کیلئے اقدامات کئے، امیگریشن  کی ذمہ داری بھی ایف آئی اے کے حوالے ہے، یونان کشتی حادثہ کی وجہ سے کافی تنقید کا سامنا ہوا، یونان حادثے کی انکوائری کروائی گئی، ذمہ داروں کیخلاف سخت ایکشن ہوگا، ایف آئی اے کا اہم کردار ہے، میرٹ پر معاملات نمٹانے سے اچھے نتائج آسکتے ہیں، ادارے میں بہتری کیلئے استعداد کار بڑھانے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version