الیکشن کمیشن آف پاکستان کے نوٹیفکیشن پر پاکستان تحریک انصاف کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔
ترجمان پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کے نوٹیفکیشن کو مسترد کرتے ہیں، عدالتِ عظمٰی کے روبرو چیلنج کریں گے۔
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن بند کمروں میں بنائے گئے منصوبوں اور سیاست میں غیرفطری و غیرقانونی مداخلت کا شاخسانہ ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان کا تحریک انصاف اور چیئرمین تحریک انصاف کے حوالے سے تعصّب قوم سے پوشیدہ نہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایک متنازعہ ٹرائل کے نتیجے میں آنے والے متعصبانہ فیصلے کی بنیاد پر نہایت عجلت میں ”مائنس ون“ فارمولے کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش عوام بھی مسترد کرتے ہیں۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان انتخابات کے التواء، جمہوریت کی بیخ کنی اور آئین سے انحراف کے منصوبے میں کلیدی سہولتکار ہے، سپریم کورٹ کا 4 اپریل کا فیصلہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے آئین سے کھلواڑ کی داستان بیان کرتا ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی کا مزید کہنا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ سپریم جیوڈیشیل کونسل چیف الیکشن کمشنر کیخلاف زیرِ التواء ریفرنس کی سماعت کرے اور فیصلہ دے، متعصّب اور مفلوج ذہن کے ساتھ جمہور کی حقیقی قیادت کو سیاست سے نکال باہر کرنے کی کوششیں ناکام ہوں گی۔
