گورنر سندھ نے کہا ہے کہ اپنے خلاف ہونے والے ظلم پر خاموشی بھی جرم ہے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے 23 ویں آئی ٹی ٹیسٹ کے امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمت اور حوصلہ والے نوجوان چاہیں، ٹیسٹ کا مرحلہ مکمل ہونے والا ہے جس کے بعد آپ کی ایئر کنڈیشن مارکی میں کلاسز کا آغاز ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں 75سالوں میں سوائے دھوکے کے کچھ نہیں ملا ، میرے اختیار میں جو کچھ ہے وہ میں آپ لوگوں کے لئے کر رہا ہوں، اس پروجیکٹ پر کوئی سرکاری پیسہ نہیں لگ رہا۔
گورنر سندھ نے یہ بھی کہا کہ اپنے خلاف ہونے والے ظلم پر خاموشی بھی جرم ہے، مڈل کلاس لوگوں کے لئے تندور لگا رہے ہیں جہاں 25 روپے والی روٹی 2 روپے میں ملے گی جس کا اعلان آئندہ ہفتے کروں گا۔
کامران خان ٹیسوری کا کہنا تھا کہ 14 اگست کو پاکستانی پرچم کے ساتھ آپ سب شاہراہ فیصل پر آنے کی دعوت دے رہا ہوں، یوم آزادی کے دن ہم ایک نیا ریکارڈ قائم کریں گے
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کراچی میں سمندر ہونے کے باوجود آپ لوگ پانی سے محروم ہیں، کارڈ کے ذریعے روزمرہ اشیاء کی خریداری پر 40 فیصد تک رعایت ملے گی۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا مزید کہنا تھا کہ میری ماؤں بہنوں بیٹیوں کو کوئی میلی آنکھ سے دیکھے وہ آکر امید کی گھنٹی بجائے، ایک اور ایم او یو پر سائن کرنے جا رہے ہیں جس کے تحت 35 لاکھ کریڈٹ کارڈ ایشو کیے جائیں گے۔
