Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستانی عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، صدر مملکت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مقامی ہوٹل میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبہ میں بہتری کیلئے اس قسم کی تقاریب کا انعقاد انتہائی خوش آئند ہے، پوری دنیا میں عوام کو جدید تقاضوں کے مطابق صحت کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، صحت کے شعبہ میں جدت کے ذریعے ہی آنے والے مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں۔

نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی مفید سیمینار کے انعقاد پر منتظمین کو شاباش اور مبارکباد پیش کرتا ہوں، پنجاب میں صحت کے نظام کو جدت کی جانب گامزن کرنے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کی عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے آرٹیفشل انٹیلی جنس کا سہارا لیا جا رہا ہے جبکہ پوری دنیا میں صحت کا نظام آرٹیفشل انٹیلی جنس پر منتقل ہو رہا ہے۔

ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کے ویژن کے مطابق عوام تک صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، پاکستان اگلے بیس سالوں میں آبادی کے اعتبار سے دنیا کا تیسرا بڑا ملک بننے جا رہا ہے۔

نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں عوام کو خطرناک بیماریوں سے بچانے کیلئے صحت کے نظام میں جدت لانی ہوگی، آرٹیفشل انٹیلی جنس صحت کے نظام میں انشاء اللہ گیم چینجر ثابت ہوگی، آرٹیفشل انٹیلی جنس کے نظام کی مدد سے عوام کو خطرناک بیماریوں سے بچانے میں مدد حاصل گی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version