نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نےکہا ہے کہ سرکاری ملازمین عوام کے حاکم نہیں بلکہ خادم ہوتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف منیجمنٹ پشاور میں 33 ویں ایس ایم سی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سنئیر منیجمنٹ کورس مکمل کرنے والے افسران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ سرکاری افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لئے سنئیر منیجمنٹ کورس انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس طرح کے کورسز سے سرکاری افسران کی استعداد کار میں بہتری آتی ہے۔
محمد اعظم خان نے کہا کہ امید ہے کہ کورس مکمل کرنے والے افسران عوامی خدمات کی انجام دہی کا سلسلہ مزید بہتر انداز میں جاری رکھیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بہتر طرز حکمرانی کے لئے سرکاری افسران کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، سرکاری ملازمین عوام کے حاکم نہیں بلکہ خادم ہوتے ہیں اور انہیں ہر حالت میں عوامی مفاد کو بالاتر رکھنا ہے۔
نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین کو ہر قسم کی سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہونا چاہیے، پالیسی سازی حکومت وقت کا کام ہے اور حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمد کرانا سرکاری ملازمین کی ذمہ داری ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سرکاری افسران عوامی معاملات میں میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنائیں جبکہ سرکاری ملازمین دیانتداری اور ایمانداری کو اپنا شعار بنائیں۔
نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری افسران سے عوام کی بہت توقعات وابستہ ہوتی ہیں، امید ہے یہ کورس مکمل کرنے والے افسران ان عوامی توقعات پر پورا اترنے کی بھر پور کوشش کریں گے۔
