نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ملکی معاشی پالیسیوں کا تسلسل قائم رکھیں گے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت معاشی صورتحال سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیرِ اعظم کو ملکی معاشی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو ملکی معیشت میں استحکام اور مزید بہتری کیلئے اقدامات پر تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا جبکہ اجلاس کو پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے ہر شعبے میں جاری اصلاحات پر مفصل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ملکی معاشی پالیسیوں کا تسلسل قائم رکھیں گے اور مزید اقتصادی بہتری لائیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عوامی فلاحی منصوبے بلاتعطل جاری رہیں گے،خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت ملک میں بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے اقدامات نگران حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔
انوار الحق کاکڑ نے ہدایت کی کہ صحت اور تعلیم کے شعبے میں بین الاقوامی معیار کی سہولیات یقینی بنائی جائیں جبکہ پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات پر عملدرآمد مزید تیز کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس محصولات میں اضافے کیلئے اقدامات پر سختی سے عمل کیا جائے، نگران حکومت معیشت کی بہتری کیلئے ڈی ریگولیشن اور ذمہ دار خودمختاری پر توجہ مرکوز کرے گی۔
نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کا مزید کہنا تھا کہ نگران حکومت اپنی محدود مدت میں تمام تر توانائیاں معیشت کی اصلاح پر صرف کرے گی۔
اجلاس میں اعلی سرکاری افسران بشمول گورنر اسٹیٹ بینک، سیکٹری خزانہ، سیکٹری پاور اور چیئرمین ایف بی آر نے شرکت کی۔
