نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی نے صوبے میں قیدیوں کی سزا میں 2 ماہ کی رعایت کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلا اقدام سامنے آیا ہے، بلوچستان کی جیلوں کے قیدیوں کی سزا میں 2 ماہ کی رعایت کا اعلان کردیا گیا۔
اس رعایت کا اطلاق دہشت گردی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث مجرموں پر نہیں ہوگا۔
نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا
نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ہوئی، جہاں گورنر بلوچستان عبدالولی کاکڑ نے نگراں وزیراعلیٰ علی مردان ڈمکی سے حلف لیا۔
تقریب میں نگراں وفاقی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان شریک تھے جبکہ سابق صوبائی وزیر اور اراکین صوبائی اسمبلی نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
علاوہ ازیں آئی جی پولیس اور چیف سیکرٹری بلوچستان سمیت اعلیٰ سرکاری افسران بھی تقریب میں شریک تھے۔
نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان کے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی مردان ڈومکی نے کہا کہ نگران حکومت کا اولین فرض شفاف اور غیر جابندارانہ انتخابات کروانا ہے ۔
علی مردان ڈومکی نے کہا کہ الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، ہمارا کام انتخابات کو شفاف بنانا ہے، الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے۔
نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی نے مزید کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے، مردم شماری دوبارہ کرانے کا فیصلہ ہوا ہے، جلد صوبائی کابینہ کا بھی فیصلہ کرلیا جائے گا۔
