Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملک کے بڑے مسائل پر قومی اتفاق رائے پیدا کرنا بڑا چیلنج ہے،مرتضیٰ سولنگی

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ ملک کے بڑے مسائل پر قومی اتفاق رائے پیدا کرنا بڑا چیلنج ہے۔

تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے وزارت اطلاعات کا چارج سنبھالنے کے بعد میڈیا ہاﺅسز کا دورہ کیا۔

دورے کے دوران نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کے اپنے تمام کرم فرماﺅں، دوستوں اور احباب کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میری بے حد پذیرائی فرمائی، اپنی دعاؤں اور نیک تمناؤں سے حوصلہ افزائی کی۔

 انہوں نے کہا کہ اپنے صحافتی گھر نیشنل پریس کلب کے تمام عہدیداروں اور ساتھیوں نے بڑی محبت دی، میں ان سب کا مشکور ہوں، الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرے گا، ہم بھرپور مدد کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کے بڑے مسائل پر قومی اتفاق رائے پیدا کرنا بڑا چیلنج ہے، سیاسی مخالفت دشمنی میں بدل گئی ہے، اس ماحول کو ختم کرنا ہوگا، لوگوں کو قومی اتفاق کی طرف لے جانا ہوگا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیاسی اختلاف ضرور کریں لیکن دشمنی نہ کریں، عدم برداشت کا خاتمہ ضروری ہے۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ وزارت اطلاعات میڈیا کے ساتھ مل کر عوام کو اصل صورتحال سے آگاہ کرے گی، انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے الیکشن کمیشن بہتر بتا سکتا ہے، صحافی برادری کے ایک نمائندے کے طور پر سازگار پیشہ وارانہ ماحول کی فراہمی اور صحافیوں کے حقوق کا تحفظ ہماری پہلی ترجیح رہے گی۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات

انہوں نے کہا کہ سینئر صحافی اور اینکر کامران یوسف کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ پر افسوس ہے، پنجاب حکومت ان کو لوٹنے والے مجرموں کی گرفتاری کےلئے اقدامات کر رہی ہے۔

اس موقع پر نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے اکانومی کے ممتاز رپورٹر شہباز رانا کے والد کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین

متعلقہ خبریں

Exit mobile version