سائفر گمشدگی کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کے خلاف آفیشل سیکریٹ ایکٹ کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی ایک بار پھر گرفتار ہوگئے ہیں اور انہیں ایف آئی اے نے سائفر کیس میں ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لیا ہے۔
سیکرٹری داخلہ کی مدعیت میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کیخلاف ایف آئی اے کے کاؤنٹر ٹیرارزم ونگ میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم اور وزیرخارجہ نے سائفرمیں موجود اطلاعات غیرمجاز افراد تک پہنچائیں، حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا، چیئرمین پی ٹی ائی نےاپنے سیکرٹری اعظم خان کو سائفر میں ردوبدل کرنے کی ہدایت کی تھی اور اپنے ذاتی مقاصد کیلئے قومی سلامتی کو داؤ پر لگایا گیا۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم اور سابق وزیرخارجہ نے مذموم مقاصد اور ذاتی فائدے کے لیے حقائق کو مسخ کیا اور دونوں نے ریاست کے مفادات کو خطرے میں ڈالا، مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے سائفر کے مندرجات کے غلط استعمال کی سازش کی گئی۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق 28 مارچ کو بنی گالہ اجلاس میں سائفر کے مندرجات کے غلط استعمال کی سازش کی گئی، سابق وزیراعظم نے اعظم خان کو سائفر پیغام کے مندرجات میں ہیر پھیر کرنے کو کہا، عمران خان نے قومی سلامتی کی قیمت پر اپنے مذموم مقاصد کے لیے سائفر کو استعمال کیا۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر ٹیلی گرام بدنیتی کے تحت اپنے پاس رکھا اور وزارت خارجہ واپس نہیں بھیجا اور یہ اب بھی سابق وزیراعظم کے قبضے میں ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق سائفر ٹیلی گرام غیرقانونی قبضے میں رکھنے سے پورا سائفر سکیورٹی سسٹم خطرے سے دوچار ہوا، ملزمان کے ان اقدامات سے غیرملکی قوتوں کو بالواسطہ اور بلاواسطہ فائدہ پہنچا اور ملزمان کے ان اقدامات سے ریاست پاکستان کو نقصان پہنچا۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کے کردار کا تعین تحقیقات کے دوران کیا جائے گا جبکہ سابق وزیراسد عمر اور دوسرے ساتھیوں کے کردار کا تعین بھی تحقیقات کے دوران کیا جائے گا۔
ایف آئی آر میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی دفعہ 5 اور 9 لگائی گئی ہے، اس کے علاوہ دونوں کےخلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 34 بھی لگی ہے۔
خیال رہے کہ وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو آج اسلام آباد میں سائفر گمشدگی کے معاملے پر درج مقدمے میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
