عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے الیکشن کمیشن میں اہم اجلاس ہوا جس میں سپیشل سیکریٹری اور چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز نے عام انتخابات کی تیاریوں پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں سیکریٹری الیکشن کمیشن نے تمام ونگز کو عام انتخابات کی تیاریاں جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ متعلقہ اداروں سے روابط اور انتخابی سامان کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیوں کیلئے صوبائی حکومتوں اور محکمہ شماریات سے نقشہ جات اور ڈیٹا کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن کا مزید کہنا تھا کہ تیاریوں کے جائزے کیلئے سیکریٹری الیکشن کمیشن کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کی نگرانی کمیٹی تشکیل دیدی گئی، نگرانی کمیٹی تمام امور اور تیاریوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائے گی۔
