Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چیئرلفٹ حادثہ؛ وزیراعظم کا ریسکیو ٹیم کو خراج تحسین پیش کرنے کا فیصلہ

بٹگرام چیئرلفٹ متاثرین کو ریسکیو کرنے کے معاملے پر نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے ریسکیو ٹیم کو خراج تحسین پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے تمام مقامی افراد سمیت ریسکیو ٹیم کو اسلام آباد بلا لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ریسکیو ٹیم کو خراج تحسین پیش کرنے کی تقریب کا انعقاد آج وزیر اعظم سیکریٹریٹ میں کیا جارہا ہے جس میں مقامی نوجوانوں، ریسکیو ون ون ٹوٹو اور دیگر افراد کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ تقریب میں بٹگرام لفٹ ریسکیو ٹیم کو وفاقی حکومت کی جانب سے تعریفی اسناد بھی دی جائیں گی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ نگران وزیر اعظم ریسکیو کے کام میں حصہ لینے والوں کو خراج تحسین پیش کریں گے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل افواجِ پاکستان کی جانب سے بٹگرام چیئرلفٹ ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا تھا جب کہ چیئرلفٹ میں پھنسے تمام 8 افراد کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کا بٹگرام میں انتہائی پیچیدہ اور مشکل ریسکیو آپریشن کامیاب ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جی او سی ایس ایس جی نے اس ریسکیو آپریشن کی قیادت کی اور پاک فوج کے اسپیشل سروسز گروپ کی سلنگ ٹیم نے 600 فٹ بلندی پر چیئرلفٹ میں پھنسے افراد کو بحفاظت ریسکیو کرلیا۔

انہوں نے بتایا کہ آرمی چیف کی خصوصی ہدایت پر آرمی ایوی ایشن اور ایس ایس جی کی باصلاحیت ٹیم نے ریسکیو آپریشن کا تیزی سے آغاز کیا۔ بعد ازاں پاک فوج کی اسپیشل سروسز گروپ کی سلنگ ٹیم اور پاکستان ایئر فورس کا ہیلی کاپٹر بھی آپریشن کا حصہ بنا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے اسپیشل سروسز گروپ کی سلنگ ٹیم کو آرمی ایوی ایشن نے مکمل تکنیکی مدد فراہم کی جس کے باعث آپریشن کی کامیابی ممکن ہوسکی۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version