Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

گلگت بلتستان کی پسماندگی دور کرنے کیلئے حکومت ہر ممکن اقدام اٹھائے گی، انوارالحق کاکڑ

انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی پسماندگی دور کرنے کیلئے حکومت ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ملاقات کی جس میں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی بھی موجود تھے۔

ملاقات میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے نگران وزیر اعظم کو صوبائی حکومت کو درپیش مسائل کے حوالے سے 6نکاتی ایجنڈے پر بات کی جس میں گلگت بلتستان کے خسارے کا بجٹ، ترقیاتی بجٹ میں اضافہ اور بجٹ کے ریلیز کے عمل کو بہتر بنانے سمیت گندم کے کوٹے میں اضافہ اور 4 ارب گندم ادائیگی کی مد میں فراہمی، گلگت  بلتستان میں قائم4 نئے اضلاع کو مکمل فعال بنانے پر بھی بات ہوئی۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا کہ گلگت  بلتستان میں سیاحت کے فروغ، ہائیڈرو پاور اور منرلز کے حوالے سے وسیع مواقع موجود ہیں ان مواقعوں سے استعفادہ حاصل کرنے کیلئے وفاقی حکومت کی خصوصی مدد درکار ہے تاکہ گلگت  بلتستان اور پاکستان کے وسائل میں اضافہ ہوسکے۔

ملاقات میں نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سے اصولی طور پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت گلگت بلتستان حکومت کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کی وسیع استعداد موجود ہے جس سے بھرپور طریقے سے فائدہ نہیں اٹھایا گیا،گلگت بلتستان کی پسماندگی دور کرنے کیلئے حکومت ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام بہت مہمان نواز ہیں جس کا متعدد بار خود تجربہ کر چکا ہوں، بہت جلد گلگت بلتستان کا دورہ کرونگا اور گلگت بلتستان یونیورسٹی کے طلبا سے ملاقات کرونگا۔

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے دورے سے قبل صوبائی حکومت کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔

ملاقات میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے انوارالحق کاکڑ کو نگران وزیر اعظم کی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارک باد دی اور گلگت بلتستان دورے کی دعوت دی۔

نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ ستمبر کے دوسرے ہفتے یں گلگت بلتستان کا دو روزہ کروں گا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version