نگران وزیراعظم انوار الحق کاکٹر نے بنوں میں سیکیورٹی فورس کے قافلے پر بزدلانہ دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکٹر نے کہا کہ بنوں میں دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی میں 9 بہادر سپاہیوں کی شہادت سے دل ٹوٹ گیا، واقعہ میں بہت سے لوگ زخمی ہوئے،ایسی حرکتیں سراسر قابل مذمت ہیں۔
Heartbroken by the loss of 9 valiant soldiers in Bannu Division, KPK, to a cowardly terrorist act that injured many. Such acts are utterly reprehensible. My thoughts are with the families of the martyred and injured. stands resolute against such terror.
— Anwaar ul Haq Kakar (@anwaar_kakar) August 31, 2023
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکٹر نے مزید کہا کہ میری ہمدردیاں شہدا اور زخمیوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، پاکستان ایسی دہشت گردی کے خلاف پرعزم ہے، بنوں میں دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی میں 9 جوانوں کی شہادت سے دل غمزدہ ہیں۔
بنوں میں فوجی قافلے کے قریب خودکش حملہ، 9 جوان شہید
خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں فوجی قافلے کے قریب خودکش حملہ ہوا جس میں 9 فوجی جوان شہید جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بنوں کے علاقے جانی خیل میں موٹرسائیکل پر سوار خود کش حملہ آور نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے کے قریب آکر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خودکش حملے میں پاک فوج کے 9 جوان شہید اور 5 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے جبکہ شہداء میں نائب صوبیدار صنوبرعلی بھی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خودکش دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کی تلاش کیلیے آپریشن شروع کردیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو تقویت بخشتی ہیں۔
