نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ حکومت اپنے تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے پرعزم ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر رینا کیونکا نے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں نگراں وزیر اعظم نے پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کی مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس سلسلے میں ہونے والی حالیہ پیشرفت کو سراہا۔
انوار الحق کاکڑ نے یورپی منڈیوں میں پاکستان کی برآمدات کو بڑھانے میں جی ایس پی پلس سکیم کے اہم کردار پر زور دیا جبکہ انہوں نے جی ایس پی پلس سکیم کو جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا جو پاکستان اور یورپی یونین دونوں کے مفاد میں ہے۔
نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ان کی حکومت اپنے تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے پرعزم ہے، حکومت ملک میں اگلے عام انتخابات کے انعقاد تک آئینی تسلسل فراہم کرے گی۔
ملاقات میں یورپی یونین کی سفیر نے کہا کہ یورپی یونین حکومت پاکستان کی حمایت جاری رکھے گی اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے کام کرے گی۔
