نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پیکاسی نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کا جائزہ لیا گیا جبکہ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے تمام اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر نظریات کی یکسانیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
واضح رہے اس سے قبل نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے اسلام آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک اقوام متحدہ کی امن فوج کے عناصر کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہاتھ سے تیار دھماکہ خیز مواد خاص طور پر امن مشنز کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے، نگراں وزیر خارجہ نے تجویز پیش کی کہ اقوام متحدہ کے رکن ممالک اپنے مشن سے پہلے کی ٹریننگ مزید بہتر بنائیں۔
