پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے انتخابات سے قبل پنجاب پر فوکس کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اس حوالے سے پیپلزپارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ آصف زرداری، بلاول بھٹو جلد لاہور کا دورہ کریں گے، پی پی قیادت کی زیرصدارت لاہور میں سی ای سی کا اجلاس ہو گا، جس کا مقصد پنجاب میں پارٹی فعال کرنا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پی پی قیادت نے صوبائی قیادت کی ناکامی پر پنجاب آنے کا فیصلہ کیا ہے، آصف زرداری لاہور میں پارٹی رہنما اور عہدے داروں سے ملاقاتیں کریں گے اور پی پی قیادت پنجاب میں پارٹی عہدوں پر تعیناتیوں پر مشاورت کرے گی۔
اس کے علاوہ اجلاس میں الیکشن سے قبل عوامی رابطہ مہم کیلئے حکمت عملی طے ہو گی جبکہ آصف زرداری کے دورہ لاہور میں پارٹی کنونشن کرانے کی تجویز زیر غور ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت پیپلزپارٹی پنجاب کی کارکردگی پر شدید مایوسی کا شکار ہے، الیکشن سے قبل پیپلزپارٹی پنجاب میں بڑی کامیابی حاصل نہیں کر سکی۔
پیپلزپارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ پی پی قیادت کو پنجاب سے اہم شخصیات کی شمولیت کی امید تھی، پی پی پنجاب قیادت صوبے میں پارٹی فعال کرنے میں ناکام رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی قیادت پنجاب میں تاحال پارٹی کا مستقل صدر تلاش نہیں کر سکی، قیادت کی عدم دلچسپی پر پنجاب میں پارٹی کا مستقل صدر مقرر نہیں ہوا، تاہم عارضی صدر پی پی پنجاب رانا فاروق سعید صوبے میں پارٹی فعال نہیں کر سکے۔
پارٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ پنجاب میں پیپلزپارٹی عہدیداروں کی باہمی چپقلش کا شکار ہے، پنجاب کے عہدیداروں کی جھگڑوں سے پارٹی متاثر ہو رہی ہے جبکہ پی پی قیادت کا گذشتہ دورہ لاہور مطلوبہ نتائج دینے میں ناکام رہا تھا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
