وفاقی مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی مسائل سے گزر رہا ہے اور ہم اس بحران کا سامنا کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ لاہور چیمبر کا نظام دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، جس طرح حروف تہجی میں س اور ش ساتھ ساتھ ہیں اس طرح سُنی شیع بھی ساتھ ساتھ ہیں۔ ہم ایک دوسرے کی قوت بنے یہ ہمارا دین ہمیں تعلیم دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ قوتیں چاہتی ہیں کہ پاکستان کو بدنام کیا جائے، ہم مسیحی بھائیوں کے بہت قریب ہیں ہم میں بہت چیزیں مشترک ہیں۔
وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ ہمارا پرچم سفید رنگ کے بغیر مکمل نہیں ہوتا، ہمیں مل کر پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے۔
انیق احمد نے کہا کہ کرتارپور کا دورہ کیا اور سکھ برادری سے ملاقات ہوئی سب نے پاکستان آکر خوشی کا اظہار کیا، ہم پُر امن قوم ہیں اور ہم مذہبی سیاحت کے ذریعے امن کو پھیلا سکتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ دنیا بھر میں انتشار پھیلایا جاتا ہے لیکن کوئی اظہار رائے نہیں کرتا، پاکستان میں جڑانوالہ واقعے میں پوری قوم نے اس کی مذمت کی ۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان معاشی مسائل سے گزر رہا ہے اور ہم اس بحران کا سامنا کریں گے، ہم لوگوں کے اندر سے مایوسی نکالنا چاہتے ہیں۔
وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد کا مزید کہنا تھا کہ پالیسیاں بنائی جارہی ہیں، آنے والا کل بہت اچھا ہے، اپنے حوصلے بلند رکھیں اور بزرگوں نے جس مقصد کے لئے اس ملک کو حاصل کیا تھا اس مقصد کو پورا کرنے کے لئے دن رات ایک کر دیں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
