شاہد اشرف تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان سے جہالت اور غربت کے خاتمے کے لیے مل کر کام کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی وزیر برائے مواصلات اور ریلویز شاہد اشرف تارڑ کی امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شاہد اشرف تارڑ نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کے تعلقات اور تعاون کی طویل تاریخ ہے، پاک امریکا تعلقات سیکورٹی سے بڑھ کر اب تجارت و سرمایہ کاری، سائنس و ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی جیسے شعبوں کی طرف گامزن ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم ترقیاتی تعاون پر مبنی اپنے پرانے تعلقات کو مزید بڑھانا چاہتے ہیں ، پاکستان آج بھی ریلوے میں جنرل الیکٹرک لوکوموٹیوز استعمال کر رہا ہے اور اس حوالے سے ہم نے ایک اور آرڈر دیا ہے۔
شاہد اشرف تارڑ کا کہنا تھا کہ کراچی تا پشاور ریلوے لائن پر سیلاب سے تباہ شدہ ٹریک کی تعمیر اور اسے تحفظ دینے میں امریکہ ہماری مدد کر سکتا ہے، ہم نے گوادر میں کامیاب معاہدے کیے ہیں اور سرمایہ کاروں کو یہاں خاطر خواہ سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب کرتے ہیں۔
نگران وفاقی وزیر برائے مواصلات اور ریلویز شاہد اشرف تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے COP 27 میں اہم کردار ادا کیا اور ہم بین الاقوامی پائیدار ترقی کے معیار تک پہنچنے کے لیے کوشاں ہیں، پاکستان سے جہالت اور غربت کے خاتمے کے لیے مل کر کام کریں گے۔
ملاقات میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ ہماری توجہ سرحدی علاقوں سے ہٹ کر شمالی سندھ اور جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں پر مرکوز ہے ، ہماری توجہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی از سرنو تعمیر پر ہے۔
ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ پاکستان کے پاس سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے ایک اچھا موقع موجود ہے کیونکے صنعتیں اس خطے میں آرہی ہیں، ہم کاروبار کے لیے پرکشش ماحول پیدا کرنے میں پاکستان کی مدد کر سکتے ہیں۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے مزید کہا کہ امریکی انٹرنیشنل ڈی ایف سی پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کے لیے دلچسپی رکھتی ہے، ہم ماحولياتی آلودگی پر کابو پانے کے لیے پائیدار اور گرین ترقی کے اہداف کے حصول میں پاکستان کی مدد کر رہے ہیں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
