پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف ایک بار پھر ملک و قوم کو بحران سے نکالیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے پارٹی کے سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور پارٹی ٹکٹ ہولڈرز کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اپنے ریلیف کے لئے نہیں بلکہ قوم کو تکلیف سے نجات دلانے کے لئے وطن واپس آرہے ہیں، ملک کو انتقام نہیں بلکہ اتحاد، امن اور معاشی ترقی کا ایجنڈا چاہیے، عوام نواز شریف کو دو تہائی سے زیادہ مینڈیٹ دیں، وعدہ ہے کہ معاشی بدحالی ہمیشہ کے لئے ختم کر دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف ایک بیانیے پر نواز شریف نے متحد کیا، عوام چالبازوں ، فراڈیوں ، جھوٹوں اور توشہ چوروں کے پرا پیگنڈے سے ہوشیار رہیں، پورے ایمان کے ساتھ یقین دلاتی ہوں پاکستان اور عوام کے اچھے دن آنے والے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام انتخابات میں شیر پر نشان لگائیں، یہ نشان شیر پر نہیں بلکہ آپ اپنی محرومیوں ، معاشی بدحالی کے خاتمے اور مہنگائی میں کمی پر لگائیں گے۔
اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنماﺅں، سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کی جانب سے بھی نواز شریف کے حق میں دھواں دھار تقریریں کی گئیں اور اجلاس کے شرکاء نے پارٹی قائد کی آمد پر بھرپور جوش وجذبے کا اظہار کیا۔
ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے نواز شریف کے حق میں بھرپور جذبات اور حمایت کا اظہار کرتے ہوئے وطن واپسی پر ان کا تاریخی استقبال کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔
اجلاس کے شرکاء نے اس موقع کو تاریخی بنانے اور تیاریوں کے حوالے سے اپنی تجاویز اور آراء بھی پیش کیں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
