پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کے پلان میں معمولی ردوبدل کردیا گیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق ن لیگ کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نواز شریف کا استقبال صرف مرکزی قیادت ہی کرے گی، پنجاب سمیت ملک بھر سے آنے والے پارٹی رہنما اور کارکن نواز شریف کے استقبال کے لئے ایئرپورٹ نہیں پہنچیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ ملک بھر سے آنے والے رہنما و لیگی کارکنان مینار پاکستان پر جمع ہوں گے اور نواز شریف کو ریلی کی صورت میں ایئرپورٹ سے مینار پاکستان نہیں لایا جائے گا، نواز شریف ہیلی کاپٹر کے ذریعے لاہور ایئرپورٹ سے مینار پاکستان پہنچیں گے۔
ابتدائی پلان کے مطابق لیگی کارکنوں کو ایئرپورٹ پر نواز شریف کا استقبال کرنا تھا، استقبال کے بعد نواز شریف کو ریلی کی صورت میں ایئرپورٹ سے مینار پاکستان لایا جانا تھا۔
نئے پلان کے مطابق مینار پاکستان پر ہونے والے جلسے کے پنڈال پہنچنے پر پارٹی رہنما و کارکنان نواز شریف کا استقبال کرینگے، نواز شریف مینار پاکستان جلسے سے خطاب کے بعد جاتی امرا رائیونڈ جائیں گے جبکہ جاتی امرا جانے کے لئے ہیلی کاپٹر یا بائی روڈ جانے کے دونوں روٹ پلان زیر غور ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ایک تجویز میں کہا گیا کہ مینار پاکستان جلسے کے بعد نواز شریف داتا دربار پر حاضری دے کر جاتی امرا روانہ ہوں جبکہ دوسری تجویز میں کہا گیا کہ نواز شریف اپنے خطاب کے فوری بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے جاتی امرا رائیونڈ روانہ ہو جائیں، تاہم مینار پاکستان سے جاتی امرا روٹ پر حتمی فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔
