صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ برطانیہ پاکستان اور بھارت کے ساتھ دولت مشترکہ کا رکن ہے ۔
تفصیلات کے مطابق صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں برطانیہ کی ڈپٹی ہائی کمشنر زوئے وئیر کی قیادت میں برطانوی ہائی کمیشن کے ایک وفد سے تفصیلی ملاقات کی ہے۔
اس موقع پر صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے برطانوی ہائی کمیشن کے وفد کو مقبوضہ کشمیر اور مسئلہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی۔
ملاقات میں صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ برطانیہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے کیونکہ جنوبی ایشیاء میں امن کی کنجی مسئلہ کشمیر کے حل میں مضمر ہے اور یہ مسئلہ اُس وقت پیدا ہوا جب برطانیہ اپنے دو سو سالہ اقتدار کے خاتمے پر برصغیر سے روانہ ہوا۔
سلطان محمود چوہدری نے یہ بھی کہا کہ برطانیہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اس لئے بھی مدد گار ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ برطانیہ پاکستان اور بھارت کے ساتھ دولت مشترکہ کا بھی رکن ہے اور اُس کے پاکستان اور بھارت دونوں سے یکساں تعلقات ہیں۔
صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ گزشتہ76 سال سے مسئلہ کشمیر حل طلب ہے اور کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں لہذا انٹرنیشنل کمیونٹی بالخصوص برطانیہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔
وفد میں برطانیہ کی ڈپٹی ہائی کمشنر مس زوئے وئیر کے علاوہ پولیٹیکل آفیسر رس مک پارٹلینڈ اور پولیٹیکل ایڈوائزر عدیلہ خان شامل تھیں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
