مشعال ملک نے کہا ہے کہ بھارت میں کوٸی بھی اقلیت محفوظ نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی وزیر انسانی حقوق مشعال ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورونانک نے ہمیشہ امن، محبت اور بھاٸی چارے کا درس دیا، وزیراعظم کی ہدایت پر سکھوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لٸے گوردوارہ جنم استھان آٸی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت دنیا بھر میں سکھوں کو نشانہ بنا رہا ہے، کینیڈا میں سردار ہردیپ سنگھ کا قتل قابل مذمت ہے ، کینیڈا نے بھارت کا مکروہ چہرہ بےنقاب کر دیا ہے۔
نگران وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ بھارت میں آزادی کی کٸی تحریکیں چل رہی ہیں، سانحہ جڑانوالہ بھارتی خفیہ ایجنسی را کا کارنامہ ہے جبکہ بھارت ساری دنیا کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے۔
مشعال ملک کا کہنا تھا کہ بھارت میں تمام مذاہب کی عبادتگاہوں کو نقصان پہنچایا گیا، بھارت نے کشمیریوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے، بھارت میں کوٸی بھی اقلیت محفوظ نہیں ہے جبکہ بھارت میں کسی بھی مذہب کی عبادتگاہ بھی محفوظ نہیں ہے
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، حریت رہنماء یاسین ملک کو ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے۔
نگران وفاقی وزیر انسانی حقوق مشعال ملک کا مزید کہنا تھا کہ سانحہ جڑانوالہ قابل افسوس ہے، سانحہ جڑانوالہ کے بعد پوری ریاست حرکت میں آگٸی، جڑانوالہ میں 94 مسیحی خاندانوں کے گھروں کو بحال کر دیا گیا ہے۔
