انیق احمد نے کہا ہے کہ حج 2024 میں پاکستانی حجاج کی سہولتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر مذہبی امور انیق احمد کی سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سعودی ہم منصب سے ملاقات ہوئی جس میں سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر احمد فاروق اور نائب سفیر معظم خان بھی موجود تھے۔
وزیر مذہبی امور نے سعودی وزیر ڈاکٹر توفیق الربیعہ سے کہا کہ پاکستانی حجاج کے فلائٹ شیڈول کو جلد حتمی شکل دی جائے۔
انیق احمد نے کہا کہ حج 2024 میں پاکستانی حجاج کی سہولتوں میں مزید اضافہ ہو گا، حجاج کیلئے رہائش، خوراک اور سفری سہولیات کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے گی۔
وزیر مذہبی امور انیق احمد نے خادم حرمین شریفین اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی میں وزارت حج و عمرہ کی جانب سے حجاج کو بہترین سہولیات مہیا کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ڈاکٹر توفیق کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے کہا کہ سعودی حکومت پاکستانی حجاج کو پہلے سے بڑھ کر تعاون پیش کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان حجاج کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ پاکستان سے محبت لازوال ہے، باہمی تعلق کو بہتر سے بہتر کرنا چاہتے ہیں۔ حجاج کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے متعدد نئے اقدامات اٹھائے ہیں، دنیا بھر کے 80 ممالک سے نجی ٹور آپریٹرز کی تعداد محدود کردی ہے۔
سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے مزید کہا کہ تمام پرائیویٹ ٹور آپریٹر کیلئے حجاج کی کم از کم تعداد 2 ہزار مقرر کی گئی ہے۔ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں کراچی اور لاہور کو شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے،روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کی دیگر شہروں تک توسیع بتدریج کی جائے گی۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔
