نگران وزیر توانائی نے کہا ہے کہ گیس کے شعبے میں بہتری کیلئے قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی وزیر توانائی محمد علی نے پاور سیکٹر کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ ڈسکوز سمیت پاور پلانٹس کیلئے اصلاحات کا عمل جاری ہے، حکومت کی زیادہ توجہ ڈسکوز پر ہے، ڈسکوز میں اصلاحات کیلئے 3تجاویز پر کام کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلی تجویز کے تحت ڈسکوز کی نجکاری زیر غور ہے، نجکاری کے عمل کیلئے وزارت توانائی اور نجکاری کمیشن ملکر کام کریں گے۔
محمد علی نے یہ بھی کہا کہ دوسری تجویز کے تحت ڈسکوز کو 20 سے 25 سال کیلئے لونگ ٹرم کنسیشن کئے جائیں، تجویز کے تحت ڈسکوز کی مینجمنٹ 20 سے 25 سال کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کو دی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ تیسری تجویز کے تحت ڈسکوز کو متعلقہ صوبوں کو دے دیا جائے، کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں تبدیل کرنے جا رہے ہیں، بورڈ آف ڈائریکٹرز میں تبدیلیوں سے اصلاحات کا عمل شروع ہوگا۔
نگران وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق کام جاری ہے، گیس کے شعبے میں روزانہ ایک ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے، گیس شعبے کا گردشی قرض 28 سے 29 سو ارب روپے ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ گیس کے شعبے میں بہتری کیلئے قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے، قیمتوں میں اضافے کیلئے 60 فیصد صارفین کو پروٹیکٹ رکھا جائے گا۔
محمد علی کا کہنا تھا کہ اضافے سے متعلق کوشش ہے غریب صارفین پر 5 سو سے زائد کا بوجھ نہ پڑے، امیر طبقے کیلئے گیس کی قیمتوں میں اضافہ زیادہ ہوگا۔
نگران وفاقی وزیر توانائی محمد علی کا مزید کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین 30 ستمبر کو ہوگا، قیمتوں میں کمی کے حوالے سے ابھی کہنا کچھ قبل از وقت ہے جبکہ ڈالر کی قدر کمی کا سلسلہ جاری رہا تو ضرور مثبت پیشرفت کی توقع ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
