صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ دنیا انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے ہندوستان پر دباؤ ڈالے۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی سے برطانوی اراکین پارلیمنٹ اور پاکستانی و کشمیری نژاد برطانوی شہریوں کے وفد نے ملاقات کی، وفد کی قیادت لیبر فرینڈز آف کشمیر یو کے کے چیئرمین اینڈریو گیوین نے کی۔
ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔
صدر مملکت اور وفد نے ہندوستان میں اقلیتوں پر ظلم و ستم پر بھی اظہارِ تشویش کیا۔
ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ دنیا انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے ہندوستان پر دباؤ ڈالے، ہندوستان مسلمانوں کی نسل کشی، اقلیتوں پر ظلم و ستم اور جبر میں ملوث ہے، بھارت منی پور میں گرجا گھروں کو جلانے، تباہ کرنے میں ملوث ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر اقلیتی برادریوں کے رہنماؤں کے ماورائے عدالت قتل میں ملوث ہے، انتہا پسند ہندوتوا نظریہ سے متاثر ہونے سے بھارتی نفسیات بدل رہی ہے، بھارت کشمیری عوام کو ان کی اپنی سرزمین میں اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے، دنیا بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں اپنی غیر قانونی آبادیاتی تبدیلیوں کو واپس لے۔
برطانوی ممبر پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ ہندوستان کی طرف سے جاری تشدد اور بربریت ناقابل قبول ہے، برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر کاز کی حمایت کرتے رہے ہیں، جموں اور کشمیر کے لوگوں کو ان کا حق خود ارادیت دینے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کر کے بھارت وادی کے آبادیاتی ڈھانچے کو بدل رہا ہے۔
برطانوی وفد نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ میں تعلیم اور کاروبار کے شعبوں میں بہترین تعلقات ہیں، مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے، وفد نے ہندوستانی گجرات اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی حالت زار پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
اس موقع پر صدر عارف علوی نے کشمیر کاز کی حمایت پر برطانیہ میں کشمیری باشندوں اور برطانوی پارلیمنٹ کے ارکان کو سراہا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
